پاکستان بھر کی موسمی صورتحال — 23 مئی 2026
Daily Weather Report

روزانہ موسمی رپورٹ

پاکستان بھر کی تازہ موسمی صورتحال، بارش، آندھی، درجہ حرارت اور صوبائی پیشگوئی۔

اپڈیٹ ٹائم

23 مئی 2026 صبح 8 بجے

ملک بھر کی موسمی صورتحال

گزشتہ 24 گھنٹوں کا احوال اور بادلوں کی سمت میں تبدیلی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے نصف شمالی حصے میں بادل بنے اور کئی مقامات پر آندھی کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملک کے نصف جنوبی حصے میں موسم مجموعی طور پر خشک رہا اور گرمی کی شدت برقرار رہی۔ آج کے دن جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت میں معمولی کمی دیکھنے کو ملے گی۔

گزشتہ 2 روز سے بادلوں کی سمت میں تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے۔ جہاں پہلے اکثر علاقوں میں بادل مغرب سے مشرق کی طرف سفر کرتے تھے، وہاں اب اسٹیئرنگ ونڈز (Steering Winds – یعنی بادلوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے والی ہواؤں) کا رخ جنوب مغرب سے شمال مشرق کی طرف رہا۔ یاد رہے کہ کسی بھی علاقے میں بارش کا ہونا بادلوں کی سمت پر بھی منحصر ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وسطی پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں بارش نہیں ہوئی کیونکہ زیادہ تر ڈیولپمنٹ کوہِ سلیمان اور خیبر پختونخوا کے علاقوں پر ہوئی جس نے شمال مشرق کی طرف حرکت کی۔

مجموعی طور پر اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف صوبوں کی صورتحال کچھ یوں رہے گی:
بلوچستان

مجموعی طور پر اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، بارکھان، کوہلو اور خضدار ریجن کے علاقوں میں بادل بننے اور بارش کے امکانات موجود ہیں۔]

پنجاب

پنجاب میں آج دوپہر کے بعد سے کوہِ سلیمان پر بننے والی ڈیولپمنٹ سے ڈی جی خان، تونسہ اور لیہ کے علاقوں میں کہیں کہیں پر آندھی کے ساتھ بارش کے امکانات موجود ہیں۔ جبکہ اگلے 24 گھنٹوں (مطلب آج دوپہر، شام، رات اور کل صبح تک) اسلام آباد/راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤالدین، جھنگ، حافظ آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن اور ٹوبہ ٹیک سنگھ، ان تمام علاقوں میں بادل بننے اور آندھی، گرج چمک، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے امکانات موجود ہیں۔ (یاد رہے زیادہ امکانات آج دیر رات 11 بجے سے کل صبح 7 بجے کے درمیان رہیں گے)۔ بقیہ علاقوں میں موسم صاف اور گرم رہے گا۔

خیبر پختونخوا

اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھی خیبر پختونخوا کے تمام علاقوں میں بادل بننے اور بارش کے امکانات موجود ہیں۔ کل کی نسبت آج بارش کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے کو ملے گا، تاہم بارش کے امکانات تمام علاقوں میں رہیں گے۔

سندھ

اگلے 24 گھنٹوں کے دوران سندھ کے اکثر علاقوں میں موسم صاف اور گرم رہے گا تاہم آج بھی کوہِ کیرتھر پر ڈیولپمنٹ کے کمزور امکانات ہیں جو کہ کہیں کہیں پر آندھی کے ساتھ بارش دے سکتی ہے۔

کشمیر

اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھی کشمیر کے تمام علاقوں میں بادل بننے اور بارش کے امکانات موجود رہیں گے۔

گلگت بلتستان

اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھی گلگت بلتستان کے تمام علاقوں میں بادل بننے اور بارش کے امکانات موجود رہیں گے۔

اہم نوٹ

یہ رپورٹ عمومی موسمی رہنمائی کے لیے ہے۔ پاک ویدر پرو کسی قسم کا سرکاری موسمی الرٹ یا وارننگ جاری نہیں کرتا۔ شدید موسمی صورتحال میں متعلقہ سرکاری اداروں کی ہدایات کو ترجیح دیں۔